بنگلورو3فروری (ایس او نیوز) منی لانڈرنگ اور حوالہ دھندہ سے متعلق انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ( ای ڈی) کے افسروں نے ریاستی وزیر آبی وسائل ڈی کے شیو کمار سمیت 5افراد کے خلاف سمنس جاری کی ہیں ۔غیر قانونی رقم منتقلی کے الزام کے پیش نظر مخلوط حکومت کے بارسوخ وزیر ڈی کے شیو کمار سمیت پانچ افراد کے خلاف ای ڈی نے سمنس جاری کی ہے ۔ ای ڈی سے سمنس جاری ہونے کے فوری بعد انکم ٹیکس ( آئی ٹی) افسروں نے بھی شوکاس نوٹس جاری کیا ہے۔ سمنس میں حکم دیا گیا ہے کہ دہلی میں واقع ای ڈی میں تفتیش کیلئے حاضر ہوں۔ غیرقانونی رقم منتقلی معاملہ میں دیگر ملزمین کو شیو کمار کے دست راست کہا جارہا ہے ۔ شیو کمارکے ساتھ سچن نارائن ،سنیل شرما ، آنجنیا اور راجیندرا کو بھی ای ڈی سے سمنس جاری ہواہے ۔ تمام کو دہلی دفتر تفتیش کیلئے حاضر ہونے کاحکم دیا گیا ۔ ای ڈی افسروں نے سمنس میں ہدایت دی ہے کہ مطلوبہ تمام دستاویزات کے ساتھ دہلی ای ڈی دفتر آئیں ۔ ملزمین کی جانب سے پیش کردہ دستاویزات اگر مطابق نہ ہوں تو ملزمین کو گرفتار کیا جاسکتا ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ پانچوں ملزم پیشگی ضمانت حاصل کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔